یاداشت بہتر کرنے کے پانچ طریقے




  














سائنس کے مطابق ہر انسان اپنی یاداشت کو بڑھانے کی صلاحیت رکھتا ہے سوائے اُن کے جو اپنی یاداشت کھو چکے ہوں۔

لاہور: (ویب ڈیسک) اپنی روزمرہ روٹین میں تھوڑی سی تبدیلی کرکے آپ بھی اپنی یاداشت کو بہتر کر سکتے ہیں۔ ذیل میں یاداشت بڑھانے کے پانچ آسان طریقے بتائے جا رہے ہیں۔

یاداشت بڑھانے والی غذا کھائیں


جس طرح ہمارے جسم کو کام کرنے کے لئے ایندھن کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح ہمارے دماغ کو بھی بہتر کارکردگی کے لئے کچھ خاص غذائوں کی ضرورت ہوتی ہے۔ طبی ماہرین کے مطابق انڈا، زیتون کا تیل، مچھلی اور خشک میوہ جات یاداشت کو بڑھاتے ہیں۔ اس کے علاوہ اخروٹ، بلو بیری، چاکلیٹ، کافی اور دارچینی بھی انسان کی یاداشت کو کافی حد تک تیز کر سکتے ہیں۔

ورزش کریں


اگر آپ اپنی یاداشت تیز کرنا چاہتے ہیں تو ورزش شروع کردیں۔ ورزش سے دماغ کے خلیوں کو زیادہ آکسیجن ملتی ہے اور وہ بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔ ورزش سے دل کی بیماریوں اور ذیابطیس کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔ ورزش کی وجہ سے سٹریس ہارمون کی تعداد کم ہوتی ہے جس کے باعث دماغی خلیے بہتر کام کرتے ہیں۔ ایک طبی تحقیق کے مطابق اگر آپ کوئی چیز یاد رکھنا چاہتے ہیں تو اسے سیکھنے کے چار گھنٹے بعد کسی بھی قسم کی ورزش کریں۔ اس ورزش سے آپ کو وہ چیز لمبے عرصے تک یاد رہے گی۔

قیلولہ یاداشت کو بڑھاتا ہے


ایک تحقیق کے مطابق ایسے افراد جو دوپہر میں ایک یا دو گھنٹے سونے کے عادی ہوتے ہیں ان کی یاداشت اُن لوگوں کی نسبت بہتر ہوتی ہے جو دوپہر میں نہیں سوتے۔ ایک دو گھنٹے کا یہ قیلولہ انسانی دماغ کو تروتازہ کرنے کے لئے کافی ہوتا ہے۔ ایک بالغ انسان کے لئے رات میں سات سے نو گھنٹے کی نیند کافی ہوتی ہے۔ اگرانسان مناسب نیند نہ لے تو اُس کا براہِ راست اثر اُس کے دماغ پر پڑتا ہے۔

دماغ کو ورزش کروائیں


یاداشت کو بڑھانے کے لئے اپنے دماغ کے گھوڑے دوڑائیں مطلب دماغ کو ورزش کروائیں۔ انٹرنیٹ پر بہت سی دماغی ورزشیں موجود ہیں۔ آپ اپنی مرضی کی کوئی بھی ورزش کر سکتے ہیں۔ سائنس کے مطابق آپ جتنا اپنے دماغ کو ورزش کروائیں گے وہ اتنی بہتر طور پر چیزوں کو یاد رکھ سکے گا۔ دماغ کی ورزش کا ایک بہترین طریقہ یہ ہے کہ جس معلومات کو آپ نے یاد رکھنا ہو اُسے کسی لفظ، تصویر یا جملے کی مدد سے یاد کرنے کی کوشش کریں۔

پریشانی سے دور رہیں



پریشانی یاداشت کو کھا جاتی ہے۔ اس لئے جتنا ہو سکے اپنے دماغ کو فالتو پریشانیوں سے دور رکھیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ یوگا اور موسیقی سے پریشانی کو کم کیا جا سکتا ہے۔ ہر روز پچیس منٹ تک یوگا کرنا انسان کے موڈ کو کافی حد تک خوشگوار بنانے کے ساتھ ساتھ یاداشت کو بھی بہتر کر سکتا ہے۔ 

Comments